نیویارک : اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں قونصلیٹ جنرل کے زیرِ اہتمام “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا عنوان “معرکہ حق: پاکستان کی فتح، لچک، عزم اور حصولِ انصاف کی یاد” رکھا گیا تھا، جس میں سفارتکاروں، کشمیری رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ معرکہ حق ملکی تاریخ کا ایک ایسا اہم موڑ ہے جس نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے مکمل تیار اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا جواب انتہائی ذمہ داری، تحمل اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔

سینیٹر رانا محمود الحسن اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے گزرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا امن کا جذبہ اس کی کمزوری نہیں بلکہ ایک ذمہ دار ریاست کا ثبوت ہے۔ مقررین نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام مجتبیٰ اور دیگر مقررین نے معرکہ حق کو قومی اتحاد کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے بھارت کے جھوٹے بیانیے اور پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی تارکینِ وطن کے کردار کو سراہا گیا جو بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مصروف ہیں۔





