نیویارک (ویب ڈیسک): مڈ ٹاؤن مین ہٹن (Midtown Manhattan) میں فائزر (Pfizer) کمپنی کی ایک پرانی دفتری عمارت میں تعمیراتی کام کے دوران ستون بیٹھنے اور منزلیں گرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی شدید تشویشناک صورتحال کے بعد اب ہنگامی امدادی کاموں کے ذریعے عمارت کو مزید تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر زہران کوام ممدانی نے بدھ کی صبح میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عمارت کو مستحکم کرنے کے عمل میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ منگل کی صبح اس وقت علاقے میں افراتفری پھیل گئی تھی جب وہاں کام کرنے والے تعمیراتی مزدوروں نے رپورٹ کیا کہ عمارت کی 21 ویں منزل کے ستون (Columns) دباؤ کے باعث مڑ یا بیٹھ گئے ہیں، جبکہ متعدد منزلوں کے اندرونی حصے بھی نیچے کی طرف دھنس گئے تھے۔ صورتحال کی مانیٹرنگ کرنے والے حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ عمارت غیر مستحکم ہو چکی ہے اور اس میں معمولی حرکت بھی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد آس پاس کی عمارتوں کو ہنگامی بنیادوں پر خالی کرا لیا گیا تھا۔
منگل کی شام تک انجینئرز اور امدادی ٹیمیں دوبارہ عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئیں اور وہاں ہنگامی مرمتی کام شروع کیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف بلڈنگز (DOB) کے کمشنر احمد تیجانی نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:
“ہم نے منگل کی شام 21 ویں منزل کا معائنہ کیا ہے۔ عمارت کے کچھ ستون وزن اٹھانے کے قابل نہیں رہے تھے، اس لیے ہم نے ان کی جگہ لوہے کے بھاری گارڈر، پولز اور گیلوانائزڈ اسٹیل (Galvanized Steel) نصب کر کے وزن کو سنبھالا ہے۔ اب تک کیے گئے ہنگامی اقدامات کے بعد صورتحال کافی حد تک مستحکم ہو رہی ہے۔”
میئر زہران ممدانی نے بدھ کی دوپہر بتایا کہ اب تک عمارت کی 8 مختلف منزلوں پر لوہے کے عارضی ستون (Shoring) لگا کر انہیں مضبوط کر دیا گیا ہے اور عمارت نے مزید جھکنا یا ہلنا بند کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکمل ہنگامی منصوبے کے تحت نویں منزل سے لے کر چھت (Roof) تک پوری عمارت کو اسٹرکچرل سپورٹ فراہم کی جائے گی اور تمام عارضی کالموں کو مستقل فولادی ستونوں سے بدلا جائے گا۔
میئر ممدانی کے مطابق، صورتحال بہتر ہونے پر منگل کو خالی کرائی گئی کچھ عمارتوں کے رہائشیوں اور ملازمین کو واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم ابھی بھی 4 مخصوص عمارتوں کو خالی رکھنے کے احکامات برقرار ہیں جن میں شامل ہیں:
815 سیکنڈ ایونیو (815 Second Avenue
235 ایسٹ 43rd اسٹریٹ (235 East 43rd Street)
231 ایسٹ 43rd اسٹریٹ (231 East 43rd Street)
225 ایسٹ 43rd اسٹریٹ (225 East 43rd Street)
بڑے حادثے سے بال بال بچ جانے کے باوجود، میئر زہران ممدانی نے عزم ظاہر کیا کہ اس پرانی دفتری عمارت کو نیویارکرز کے لیے رہائشی اپارٹمنٹس (Housing) میں تبدیل کرنے کا جو اصل منصوبہ تھا، اس پر اب بھی قائم ہیں اور عمارت کو مکمل محفوظ بنانے کے بعد اس پر دوبارہ کام شروع کیا جائے گا۔





