نیویارک (ویب ڈیسک):نیویارک شہر کا مشہور عوامی پروگرام ‘سمر اسٹریٹس’ (Summer Streets) اپنے دوسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے، جس کے تحت مین ہٹن کی مرکزی شاہراہوں اور تاریخی بروکلن برج کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر کے مکمل طور پر پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ہفتے کے روز صبح 7 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں لوئر سے اپر مین ہٹن تک شہریوں کے لیے مفت ثقافتی پروگرامز، فٹنس کلاسز، میوزک پرفارمنسز اور مفت تحائف (Giveaways) کی فراہمی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
شہر انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی کھلی فضا میں تفریح کے لیے درج ذیل سڑکوں کو گاڑیوں کے لیے بند رکھا گیا ہے:
بروکلن برج اور ایسٹ 110th اسٹریٹ کے درمیان لیفیئٹ اسٹریٹ اور پارک ایونیو
پارک ایونیو اور براڈوے کے درمیان ایسٹ 110th اسٹریٹ
ویسٹ 110th اسٹریٹ اور ویسٹ 113th اسٹریٹ کے درمیان ایڈم کلیٹن پاول جونیئر بلیوارڈ
ویسٹ 110th اسٹریٹ اور ڈائیک مین اسٹریٹ کے درمیان براڈوے
ایونٹ میں شریک شہری ’Citi Bike‘ اور ای-بائیکس کی سواری پر پرو مو کوڈ SUMMER2WHEEL استعمال کر کے 10 ڈالر تک کی بچت کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے اور دوڑنے کے شوقین افراد کے لیے ‘نیویارک روڈ رنرز’ کی جانب سے مفت پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے۔
کھیلوں کے شائقین کے لیے اس بار ایک اور بڑی کشش نیویارک نکس (New York Knicks) کی 2026ء کی NBA چیمپئن شپ جیت کی خوشی میں ٹکر ٹیپ پریڈ کے دوران استعمال ہونے والا تاریخی سائن بورڈ ہے! شہری اس بڑے سائن بورڈ کے ساتھ تصاویر بنوا سکتے ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنی سیلفی پوسٹ کر کے ‘چیمپئنز وے’ اسٹریٹ سائن کی نقل (Replica) جیت سکتے ہیں۔ اس کے لیے شہریوں کو ایک مخصوص ٹرک تلاش کرنا ہوگا جس پر لکھا ہے: “New York City Congratulations the 2026 NBA Champions”۔
شہر انتظامیہ کے مطابق آنے والے ہفتوں میں ‘سمر اسٹریٹس’ کے اگلے پروگرامز مین ہٹن، بروککن اور دی برونکس میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔





