نیویارک(ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر زہران کوامے ممدانی، محکمہ ٹرانسپورٹیشن (DOT) کے کمشنر مائیک فلن اور نیویارک پاور اتھارٹی (NYPA) نے کوئنز کے علاقے فلشنگ میں الیکٹرک گاڑیوں (EV) کے ایک نئے اور بڑے فاسٹ چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا ہے۔
یہ اسٹیشن شہر کے اس نیٹ ورک کا حصہ ہے جس کے تحت اگلے ایک سال میں مزید 10 ایسے اسٹیشن فعال کیے جائیں گے۔
ڈاؤن ٹاؤن فلشنگ (135-23 39th ایونیو) میں واقع اس میونسپل لاٹ میں 8 جدید چارجرز نصب کیے گئے ہیں۔ یہ 360kW کے چارجرز محض 10 سے 15 منٹ میں گاڑی کی بیٹری کو 80 فیصد تک چارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ چارجنگ کے لیے آنے والے صارفین سے پارکنگ کی کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
میئر ممدانی نے اس موقع پر کہا کہ یہ مرکز خاص طور پر ان علاقوں میں بنایا گیا ہے جہاں ٹیکسی اور رائیڈ شیئرنگ (TLC) ڈرائیورز کی بڑی تعداد رہتی ہے۔
اس اقدام کا مقصد محنت کش ڈرائیورز کو سستی اور تیز رفتار چارجنگ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ چارجنگ کی تلاش میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دے سکیں۔
یہ منصوبہ نیویارک سٹی کے 2050 تک کاربن کے اخراج کو صفر (Net-Zero) کرنے کے ہدف کا حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 تک نیویارک شہر میں 79,000 سے زائد الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہیں۔
فلشنگ کے بعد جلد ہی کوئنز کے علاقوں بے سائیڈ اور روزڈیل میں بھی نئے اسٹیشنز کھلیں گے۔ مجموعی طور پر 2026 اور 2027 کے آغاز تک کوئنز، بروکلین اور برونکس میں 66 نئے فاسٹ چارجرز دستیاب ہوں گے، جس سے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال مزید آسان ہو جائے گا۔
