لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

اسرائیلی وزیراعظم کی نیویارک آمدپر گرفتارکیاجاناچاہیے:میئرزہران ممدانی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ایک “جنگی مجرم” ہیں اور اگر وہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آتے ہیں تو انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ اس مقصد کے لیے قوانین میں تبدیلی کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔

‘دی نیویارک ٹائمز’ کو دیے گئے انٹرویو میں جب زہران ممدانی سے نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کے ان کی انتخابی مہم کے وعدے کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا: “میرا ماننا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو کا اصل مقام ہالینڈ (دی ہیگ) کی عالمی عدالت ہے۔ وہ ایک جنگی مجرم ہیں جن پر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (ICC) نے فردِ جرم عائد کر رکھی ہے، اور بہت سے لوگ ان کے گزشتہ کئی برسوں کے اقدامات کی وجہ سے یہی رائے رکھتے ہیں۔”

مقررہ قوانین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میئر ممدانی نے واضح کیا کہ وہ نیویارک سٹی میں رائج مروجہ قوانین کی پاسداری کریں گے اور اس مقصد کے لیے کوئی نئے قوانین نہیں لکھے جا رہے، بلکہ قانونی محکمہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ موجودہ قوانین کس حد تک اس کی اجازت دیتے ہیں۔

دوسری جانب، قانونی ماہرین اور حکام نے میئر ممدانی کے اس بیان کو قانونی طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے بھی گزشتہ سال واضح کیا تھا کہ نیویارک کے میئر کے پاس ایسا کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، کیونکہ امریکی وفاقی قانون کے تحت مقامی حکومتوں کے لیے عالمی عدالت (ICC) کے ساتھ تعاون کرنا غیر قانونی ہے اور یہ عدالت امریکا میں دائرہ اختیار نہیں رکھتی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے میئر ممدانی کے ان بیانات کے باوجود نیویارک آنے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے ممدانی کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے بجائے خود میئر زہران ممدانی کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ممدانی نیویارک کا نظام چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں اور شہر میں بڑھتے ہوئے سامی دشمنی (Antisemitism) کے واقعات پر توجہ دینے کے بجائے سرخیوں میں آنے کے لیے اسرائیل پر حملے کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (ICC) نے نومبر 2024 میں غزہ جنگ کے دوران مبثہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کیے تھے، جس کی اسرائیل مستقل تردید کرتا آیا ہے۔ انٹرویو کے دوران میئر ممدانی نے غزہ کی صورتحال کو “نسل کشی” قرار دیتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ مستقبل میں کسی بھی ایسے صدارتی امیدوار بشمول کاملا ہیریس کی حمایت نہیں کریں گے جو اسرائیل کے لیے اربوں ڈالر کی فوجی امداد روکنے کی قانون سازی کی حمایت نہیں کرے گا۔