نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر زہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) نے غیر ملکی فلاحی ادارے ’دی ڈو فنڈ‘ (The Doe Fund) اور مقامی رہنماؤں کے ہمراہ برونکس (Bronx) کے علاقے ہنٹس پوائنٹ میں جدید سپورٹیو اور کیفایتی ہاؤسنگ منصوبے ’کاسانووا ریزیڈنس‘ (Casanova Residence) کا باضابطہ سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل پر کم آمدنی والے اور معاونت کے مستحق نیویارک کے شہریوں کو 96 جدید اور محفوظ اپارٹمنٹس فراہم کیے جائیں گے جہاں انہیں رہائش کے ساتھ ساتھ علاج معالجے اور روزگار سے متعلق آن سائٹ سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
’کاسانووا ریزیڈنس‘ میئر ممدانی انتظامیہ کے ہاؤسنگ پلان ’بلاک بائی بلاک‘ (Block by Block) کا حصہ ہے، جس کے تحت نیویارک میں رہائشی بحران کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ میئر انتظامیہ نے نئے شہری بجٹ میں اگلے دو مالی سالوں کے دوران سپورٹیو ہاؤسنگ کی تعمیر و بحالی کے لیے 1 ارب ڈالر مختص کیے ہیں، جو گزشتہ دو سالوں کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ تاریخی اضافہ ہے۔
سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر زہران ممدانی نے کہا: ”مناسب اور سپورٹیو ہاؤسنگ ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے ہم ایک ایسا شہر تعمیر کر سکتے ہیں جہاں ہر نیویارکر عزت کے ساتھ زندگی بسر کر سکے۔ ہم اپنے شہریوں کو وہ استحکام دینے کے لیے تاریخی سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس کے وہ حقدار ہیں۔ یہ منصوبہ مزید اچھے اور سستے گھروں کی طرف ایک اور بڑا قدم ہے۔“
’کاسانووا ریزیڈنس‘ کے 96 میں سے 58 اپارٹمنٹس ان افراد اور خاندانوں کے لیے وقف ہوں گے جو ذہنی مسائل، نشے کی عادت کی بحالی یا جسمانی معذوری کا شکار ہیں۔ ان مسافروں کو رہائش کے ساتھ ساتھ کیس مینجمنٹ اور روزگار کی تربیت دی جائے گی۔ باقی اپارٹمنٹس سٹی ہاؤسنگ لاٹری کے ذریعے ورکنگ کلاس نیویارکرز کو دیے جائیں گے۔
’دی ڈو فنڈ‘ کی صدر اور سی ای او جینیفر مچل نے اس منصوبے کو ہنٹس پوائنٹ کمیونٹی کے لیے ایک زبردست سنگِ میل قرار دیا جبکہ ہاؤسنگ ڈپٹی میئر لیلیٰ بزورگ اور ایچ پی ڈی کمشنر دینا لیوی نے بھی اس عزم کو دہرایا کہ شہر میں سستے اور محفوظ گھروں کی فراہمی مسلسل جاری رہے گی۔





