نیو یارک: نیو یارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کے دورہ امریکہ کے دوران ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاریخی “کوہِ نور” ہیرا برصغیر کو واپس کر دیں۔ یہ مطالبہ انہوں نے شاہ چارلس کے دورے کے تیسرے روز نائن الیون (9/11) کی یادگار پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔
میئر زہران ممدانی سے جب پوچھا گیا کہ وہ شاہ چارلس سے ملاقات میں کیا بات کریں گے، تو انہوں نے کہا، “اگر مجھے بادشاہ سے الگ بات کرنے کا موقع ملا، تو میں انہیں کوہِ نور ہیرا واپس کرنے کی ترغیب دوں گا۔” اگرچہ دونوں شخصیات کے درمیان مصافحہ اور مختصر گفتگو ہوئی، لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا میئر نے براہِ راست یہ موضوع چھیڑا یا نہیں۔
106 قیراط کا یہ بے مثال ہیرا اس وقت ٹاور آف لندن میں برطانوی شاہی تاج کی زینت بنا ہوا ہے۔ تاریخ کے مطابق یہ ہیرا مغل شہنشاہوں، ایرانی شاہوں اور سکھ مہاراجوں سے ہوتا ہوا 1849 میں ملکہ وکٹوریہ کے پاس پہنچا تھا۔ بھارت، پاکستان، افغانستان اور ایران طویل عرصے سے اس ہیرے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
