نیویارک: نائن الیون کے ہولناک دہشت گرد حملوں کو 25 سال پورے ہونے پر لوئر مین ہٹن میں واقع 9/11 میموریل اینڈ میوزیم میں ایک بڑی یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے اہم شخصیات، متاثرین کے لواحقین اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
جمعہ کے روز ہونے والی اس تقریب کا آغاز اس وقت کے عین مطابق صبح 8:46 پر پہلی خاموشی کی گھنٹی سے ہوا، جب امریکن ایئرلائنز کی پرواز 11 ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے نارتھ ٹاور سے ٹکرائی تھی۔ اس کے بعد دیگر اہم لمحات، جن میں ساؤتھ ٹاور سے طیارے کا ٹکرانا، پینٹاگون پر حملہ اور پنسلوانیا کے علاقے شانکس ویل میں طیارے کا گر کر تباہ ہونا شامل ہے، پر بھی ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تاریخ میں پہلی بار اس تقریب میں زہریلی راکھ اور گرد و غبار کے اثرات سے کینسر اور دیگر امراض میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہارنے والے فرسٹ ریپونڈرز اور شہریوں کی یاد میں بھی ایک خصوصی خاموشی اختیار کی گئی۔
روایات کے مطابق تقریب میں کوئی سیاسی تقاریر نہیں کی گئیں، بلکہ سارا وقت متاثرین کے لواحقین کے نام رہا جنہوں نے پوڈیم پر آ کر اپنے پیاروں کو یاد کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے مبینہ کردار کے خلاف انصاف کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ شرکا نے اس سانحے کو مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کیے جانے پر گہرے رنج کا اظہار بھی کیا۔
تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگون کی تقریب میں شرکت کی، جبکہ لوئر مین ہٹن کی تقریب میں تمام زندہ سابق صدور اور ان کی اہلیات، نائب صدر جے ڈی وینس، نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹیکٹ کے گورنرز اور نیویارک کے میئر زہران ممدانی سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔




