نیویارک: نیویارک سٹی کونسل میں ایک نیا بل (Intro 0248-2026) پیش کیا گیا ہے جس کے تحت کم آمدنی والے ایسے تمام شہری جو پہلے سے سرکاری مالیاتی یا غذائی امدادی پروگراموں سے مستفید ہو رہے ہیں، انہیں ‘ایم ٹی اے’ (MTA) بسوں اور سب وے کے لیے آدھے کرایے والے “فیئر فیئرز” (Fair Fares) پروگرام میں خودکار طور پر رجسٹر (Auto-enroll) کیا جا سکے گا۔
کونسل ممبر کرسٹل ہڈسن (Crystal Hudson) کی جانب سے پیش کیے گئے اس بل کا مقصد نیویارک کے سوشل سروسز کمشنر کو یہ پابند بنانا ہے کہ وہ فوڈ اسٹامپ یا سپلیمنٹل نیوٹریشن اسسٹنس پروگرام (SNAP) اور نقد مالی امداد (Cash Assistance) حاصل کرنے والے افراد کے ڈاکیومنٹس کی بنیاد پر ان کی فیئر فیئرز میں شمولیت یقینی بنائیں۔
کونسل ممبران کے مطابق، اس بل کا بنیادی مقصد اس پروگرام میں کم رجسٹریشن کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو سب وے اور بسوں پر 50 فیصد کرایے کی رعایت دی جاتی ہے۔ ستمبر 2026 تک تقریباً 3 لاکھ 78 ہزار سے زائد شہری اس پروگرام سے منسلک ہو چکے ہیں۔ فی الوقت سالانہ 31,920 ڈالر کمانے والا اکیلا فرد یا 66,000 ڈالر سالانہ آمدنی رکھنے والا چار افراد کا خاندان اس رعایت کا اہل قرار پاتا ہے۔
کرسٹل ہڈسن کا کہنا ہے کہ “آٹو اینرولمنٹ کی بدولت شہر خودکار طور پر مستحق افراد کی نشاندہی کر سکے گا جبکہ شہریوں کو اس فیچر کو استعمال نہ کرنے (Opt-out) کا شفاف اور آسان طریقہ کار بھی فراہم کیا جائے گا۔”




