نیویارک(ویب ڈیسک): میئر زوہران ممدانی، این وائی سی پارکس کی کمشنر ٹریشیا شیمامورا اور نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NYCEDC) کی عبوری صدر جینی پاک نے مشترکہ طور پر برونکس کے تاریخی ‘آرچرڈ بیچ پیویلین’ (Orchard Beach Pavilion) کو عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔ یہ تاریخی عمارت 114 ملین ڈالر کی خطیر رقم سے تعمیرِ نو کے بڑے منصوبے کے بعد بحال کی گئی ہے۔
140,000 اسکوائر فٹ پر محیط یہ عمارت پہلی بار 1936 میں عظیم کساد بازاری (Great Depression) کے دوران بنائی گئی تھی، تاہم 2009 سے یہ عوام کے لیے مکمل طور پر بند تھی۔ اپنی خوبصورت اور منفرد فنِ تعمیر، چمکدار نیلے رنگ کی ٹائلز اور لائم اسٹون کلاڈنگ کی وجہ سے اس عمارت کو 2006 میں نیویارک کی لینڈ مارکس پریزرویشن کمیشن (LPC) نے ایک تاریخی ورثہ (Landmark) قرار دیا تھا۔
میئر زوہران ممدانی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”اب نیویارک کے پانچوں بوروز میں برونکس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جیسے ہی ساحلی سیزن شروع ہو رہا ہے، برونکس اور پورے نیویارک کے باسی ایک بار پھر اس خوبصورت عوامی مقام پر جمع ہو سکیں گے جو اس کمیونٹی اور اس کی تاریخ کے شایانِ شان ہے۔”
اس بار تعمیرِ نو کے دوران معذور اور بزرگ افراد کی سہولت کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ عمارت کی بالائی منزل اور ساحل سمندر کے نچلے حصے (Plaza) کو آپس میں جوڑنے کے لیے خصوصی ریمپس (Ramps) بنائے گئے ہیں تاکہ وہ بھی بغیر کسی رکاوٹ کے پویلین سے لطف اندوز ہو سکیں۔
پویلین کا گراؤنڈ فلور اب نئے اور جدید ترین باتھ رومز کے ساتھ عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جہاں سے لوگ لانگ آئی لینڈ ساؤنڈ اور ساحل کے دلفریب مناظر دیکھ سکتے ہیں۔ تاریخی دکانوں اور کھانے پینے کے اسٹالز (Concessions) کو بھی جدید مکینیکل اور الیکٹریکل سسٹم کے ساتھ اپگریڈ کیا گیا ہے، جو رواں موسمِ گرما کے آخر تک کھل جائیں گے، جبکہ ایک بڑا پویلین ریسٹورنٹ 2027 میں کھولا جائے گا۔
یاد رہے کہ آرچرڈ بیچ برونکس کا واحد عوامی ساحل ہے جو 115 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ نیویارک سٹی کے تمام پبلک بیچز باقاعدہ طور پر ہفتہ، 23 مئی سے عوام کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔





