نیوارک(ویب ڈیسک): امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوارک کی انتظامیہ نے شدید گرمی اور ہیٹ انڈیکس (گرمی کی شدت کا احساس) 97 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی کے بعد سال کے پہلے ‘کوڈ ریڈ’ (Code Red) کا اعلان کر دیا ہے۔
مقامی حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لو لگنے (ہیٹ اسٹروک)، گرمی سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریوں اور سنگین طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ یہ ہنگامی الرٹ منگل کی صبح 9 بجے سے شروع ہو کر بدھ کی رات 8 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، اوزون کی بلند سطح کی وجہ سے نیو جرسی کے کئی حصوں میں ائیر کوالٹی (ہوا کے معیار) کا الرٹ بھی برقرار ہے۔
بے گھر اور غیر محفوظ شہریوں کے لیے شہر میں خصوصی ڈراپ ان سینٹرز (سایہ دار مراکز) کھول دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شہری کو کوئی ایسا بے گھر شخص نظر آئے جسے غیر ہنگامی امداد کی ضرورت ہو، تو وہ فوری طور پر 855-11 پر “Path Home” لکھ کر ٹیکسٹ میسج کریں۔ شہر کی آؤٹ ریچ ٹیمیں اس پیغام پر فوری ردعمل دیں گی۔
شہریوں کے لیے ہدایات:
گرمی سے حساس افراد (بچوں اور بزرگوں) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باہر وقت گزارنے سے گریز کریں
شہری دن بھر خود کو ہائیڈریٹ رکھیں یعنی زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں۔
خاص طور پر صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے دوران سخت محنت والے کاموں اور بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں۔
کولنگ سینٹر (ٹھنڈے مقامات) کی معلومات حاصل کرنے کے لیے شہری 4311-733 (973) پر کال کر سکتے ہیں۔
