نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر زہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) نے آج آفیشل ‘NYC 2-K جنگل کانٹیسٹ’ کے حتمی فاتح کا اعلان کر دیا ہے۔ تقریباً 13,000 نیویارک شہریوں کے عوامی ووٹوں کے بعد ‘ایلیگرا لیوی’ (Allegra Levy) کے تیار کردہ گیت (Jingle) کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔
اس مقابلے میں نیویارک کے 300 سے زائد شہریوں نے شہر کے نئے ‘2-K چائلڈ کیئر پروگرام’ کی تشہیر کے لیے اپنے جِنگلز جمع کروائے تھے۔ حتمی پانچ شارٹ لسٹڈ گیتوں کا انتخاب برونکس سے تعلق رکھنے والی مشہور ریپر کارڈی بی (Cardi B) اور واشنگٹن ہائٹس کے معروف آرٹسٹ لن مینوئل مرانڈا (Lin-Manuel Miranda) نے کیا تھا، جس کے بعد اسے عوامی ووٹنگ کے لیے پیش کیا گیا۔ میئر ممدانی نے رواں سال اپریل میں کارڈی بی کے ہمراہ اس مقابلے کا اعلان کیا تھا۔
میئر زہران ممدانی نے فاتح کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:”ایلیگرا کو ایک ایسا شاندار جنگل بنانے پر مبارکباد جو طویل عرصے تک نیویارک کے شہریوں کے ذہنوں میں گونجتا رہے گا۔ یہ گیت محنت کش خاندانوں کے لیے کیے جانے والے ہمارے سب سے اہم ترین اقدام کی تشہیر میں مددگار ثابت ہوگا۔ ایک طویل عرصے سے بچوں کی دیکھ بھال (Child Care) کے بھاری اخراجات نے والدین کو بلوں کی ادائیگی یا بچوں کی پرورش میں سے کسی ایک کو چننے پر مجبور کر رکھا تھا، لیکن 2-K پروگرام کے ساتھ ہم اس نظام کو بدل رہے ہیں۔”
اس کامیابی کے بعد، ایلیگرا کے تیار کردہ گیت کو نیویارک سٹی کی سرکاری اشتہاری مہمات اور سوشل میڈیا آؤٹ ریچ کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو اس مفت سہولت سے متعلق آگاہ کیا جا سکے۔
رواں سال جنوری میں میئر زہران ممدانی اور گورنر کیتھی ہوچل (Kathy Hochul) کی جانب سے پہلی بار اعلان کردہ 2-K پروگرام نیویارک سٹی کی ایک تاریخی مہم ہے، جس کا مقصد 2 سال کے بچوں کے لیے بالکل مفت، آسان اور اعلیٰ معیار کی چائلڈ کیئر فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز رواں سال خزاں (Fall) میں 2,000 مفت سیٹوں سے ہوگا، جسے اگلے چار سالوں کے دوران بتدریج بڑھا کر یونیورسل (سب کے لیے لازمی و مفت) کر دیا جائے گا۔
اس سال جن علاقوں میں یہ مفت سیٹیں فراہم کی جا رہی ہیں ان میں کینارسی، براؤنز وِل، اِن وُڈ، راکاوے، اوزون پارک اور فورڈہم شامل ہیں۔ روایتی 180 دنوں کے اسکول کیلنڈر کے برعکس، یہ پروگرام سال کے 260 دن، صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک پورے دن کی دیکھ بھال فراہم کرے گا تاکہ ملازمت پیشہ والدین کو سال بھر قابلِ اعتماد سہولت مل سکے۔
کمیونٹی اسکول ڈسٹرکٹ 6، 10، 18، 23 اور 27 سے تعلق رکھنے والے خاندان 26 جون تک اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواستیں MySchools کی آفیشل ویب سائٹ، ہیلپ لائن نمبر 2009-935-718، یا قریبی ‘فیملی ویلکم سینٹر’ کا دورہ کر کے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
