نیو جرسی: نیو جرسی میں منعقد ہونے والی دو روزہ APPNA Spring Meeting 2026 نہایت کامیاب، معلوماتی اور شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ دو روزہ اس اہم اجتماع میں امریکہ بھر سے پاکستانی نژاد ڈاکٹرز، طبی ماہرین، کمیونٹی لیڈرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس کے پہلے روز Council Meeting، CME سیشنز، YPC پروگرامز، ہیلتھ کیئر انوویشن فورمز، خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مباحثوں اور پاکستان کی معیشت پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ تمام سیشنز انتہائی معلوماتی، منظم اور شرکاء کی بھرپور توجہ کا مرکز رہے۔

APPNA کے صدر ڈاکٹر بابر راؤ اور Board of Directors نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ مختلف کمیٹیوں اور رضاکاروں نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ڈاکٹر امینہ ثاقب نے میزبانی سے رونقیں بڑھائیں۔

ایونٹ میں ڈاکٹر پرویز اقبال، ڈاکٹر طاریق جمیل، جنرل قونصل عامر اتوزئی، پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ, اسمبلی رکن شمع حیدر نےخصوصی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر نیو جرسی کی شرکت بھی خصوصی توجہ کا مرکز بنی۔ اس موقع پر پاکستان کی عالمی سطح پر فٹبال سازی میں اہم کردار پر گفتگو کی گئی اور گورنر نے یہ جان کر خوشی کا اظہار کیا کہ FIFA معیار کے فٹبالز بنانے والے دنیا کے نمایاں ممالک میں پاکستان شامل ہے۔ ڈاکٹر زبیر نے اس اہم ملاقات اور وزٹ کو کامیابی سے کوآرڈینیٹ کیا۔

دوسرے روز نیٹ ورکنگ سیشنز، کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرامز اور مختلف تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جہاں نوجوان ڈاکٹروں اور میڈیکل طلبہ کو رہنمائی اور پیشہ ورانہ مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ YPC کی سرگرمیاں خصوصی توجہ کا مرکز رہیں اور نوجوان فزیشنز نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ APPNA Spring Meeting 2026 نہ صرف طبی تعلیم اور پروفیشنل ترقی کے لیے مفید ثابت ہوئی بلکہ اس نے پاکستانی کمیونٹی کے مثبت تشخص کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
Central Office ٹیم، منتظمین اور تمام رضاکاروں کی شب و روز محنت نے اس ایونٹ کو ایک یادگار کامیابی میں تبدیل کر دیا۔ ان شاء اللہ یہ میٹنگ Central APPNA کے لیے مالی اور تنظیمی اعتبار سے بھی مثبت نتائج کی حامل ثابت ہوگی۔

علاوہ ازیں پاکستانی سنگر کومل رضوی، علی سیٹھی ، عمران میاں عزیزسمیت دیگر فنکاروں نے اپنی سریلی آواز سے محفل میں چار چاند لگایا۔

