ممبئی (ویب ڈیسک): معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی نے کہا ہے کہ دنیا میں بے شمار خوبصورت مقامات موجود ہیں، لیکن مسجد الحرام جیسا روحانی سکون کہیں اور محسوس نہیں ہوتا۔
انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی، روحانی تجربات اور خاندانی معاملات کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
منور فاروقی حال ہی میں بھارت میں نشر ہونے والے ایک رمضان شو میں شریک ہوئے، جس کی میزبانی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان اور ان کے شوہر مفتی انس کر رہے ہیں۔ پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی زندگی اور مذہبی رجحانات کے بارے میں گفتگو کی۔
کامیڈین نے کہا کہ موجودہ دور میں زندگی کی رفتار پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز ہو چکی ہے اور یہ تیزی اکثر انسان کو تھکا دیتی ہے۔ انہوں نے اپنے عمرہ کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو عمرہ سے متعلق کافی معلومات تھیں کیونکہ وہ اس سے قبل بھی یہ سعادت حاصل کر چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ عمرہ ادا کرنے گئے تو انہیں معلوم تھا کہ چند دن بعد واپس آنا ہے، لیکن وہاں کا روحانی ماحول ایسا تھا کہ دل واپسی کے لیے آمادہ نہیں ہوتا تھا۔ ان کے بقول حرم شریف کی ایک خاص تاثیر ہے جو انسان کو اپنے قریب رکھنے کا احساس دلاتی ہے۔
منور فاروقی نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص کی واقعی فکر ہو تو اسے بار بار ٹوکنے کے بجائے اس کے لیے دعا کرنا زیادہ بہتر ہے۔ ان کے مطابق انسان مشکل کے وقت سب سے پہلے اللہ کو ہی پکارتا ہے، چاہے سائنس کتنی ہی ترقی کیوں نہ کر جائے۔
انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی یہی ہے کہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ اور دعاؤں کے ساتھ یاد رکھیں اور آپ کے لیے دل سے خیر کی دعا کریں۔





