نیویارک: نیویارک کے میئر زوہران ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) اور این وائی فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کی کمشنر للیان بونسگنور (Lillian Bonsignore) نے 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گردانہ حملوں اور ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ریسکیو آپریشن کے ایف ڈی این وائی اراکین کی صحت پر 25 سالہ اثرات پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
“ورلڈ ٹریڈ سینٹر 25-ایئر ہیلتھ امپیکٹ رپورٹ” ایف ڈی این وائی ورلڈ ٹریڈ سینٹر ہیلتھ پروگرام (WTCHP) نے تیار کی ہے، جس میں فائر فائٹرز، پیرامیڈیکس، انتظامی عملے اور ریٹائرڈ اہلکاروں کے طبی ڈیٹا، علاج اور تحقیق کا احاطہ کیا گیا ہے۔
نائن الیون ریسکیو میں شامل کینسر کا شکار ہونے والے 86 فیصد ایف ڈی این وائی اراکین تشخیص کے 5 سال بعد بھی زندہ ہیں، جبکہ عام نیویارک شہریوں میں یہ شرح صرف 63 فیصد ہے۔
84 فیصد سے زائد اہلکار اب بھی ایف ڈی این وائی ہیلتھ پروگرام کا حصہ ہیں۔10,562 اراکین سانس، معدے اور دیگر جسمانی بیماریوں سے متاثرہ تصدیق شدہ ہیں۔
4,496 اراکین ذہنی امراض یا نفسیاتی مسائل میں مبتلا ہیں۔ تاہم ڈیپریشن اور پی ٹی ایس ڈی (PTSD) کی علامات میں وقت کے ساتھ کمی آئی ہے۔
4,257 اراکین میں کینسر کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں جلد کا کینسر (Nonmelanoma) اور پروسٹیٹ کینسر سب سے عام ہیں۔
منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے میئر زوہران ممدانی نے کہا: “یہ رپورٹ نیویارک شہر پر ان بہادر اہلکاروں کا وہ قرض یاد دلاتی ہے جسے ہم کبھی ادا نہیں کر سکتے۔ 10,000 سے زائد ایف ڈی این وائی اراکین نائن الیون سے جڑی بیماریوں کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ملبہ صاف ہونے پر ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ ہمیں اپنے ان ہیروز کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنی ہے۔”
فائر کمشنر للیان بونسگنور نے کہا کہ 25 سال گزرنے کے بعد بھی اس المیے کے طبی اثرات دیکھے جا رہے ہیں اور یہ تحقیق امراض کو سمجھنے اور انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔




