کیلیفورنیا (ویب ڈیسک): سوشل میڈیا کی دنیا کی عظیم الشان کمپنی ‘میٹا’ (Meta) نے ایک حیران کن منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے جس کے تحت کمپنی کے بانی مارک زکربرگ کا ‘اے آئی کلون’ (AI Clone) تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ ڈیجیٹل اوتار نہ صرف ہو بہو زکربرگ جیسا دکھائی دے گا بلکہ کمپنی ٓکے ملازمین کے ساتھ براہِ راست گفتگو اور پیشہ ورانہ رہنمائی بھی کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس اے آئی اوتار کو مارک زکربرگ کی اصل آواز، مخصوص لہجے، اندازِ گفتگو اور باڈی لینگویج (جسمانی حرکات) پر ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
اس ٹیکنالوجی کا مقصد یہ ہے کہ دنیا بھر میں موجود میٹا کے ہزاروں ملازمین اپنے باس کے ساتھ “ورچوئل” ملاقات کر سکیں، ان سے کام کے حوالے سے فیڈ بیک لے سکیں اور کمپنی کے وژن کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مارک زکربرگ اپنے روزمرہ کے ذاتی کاموں کی انجام دہی کے لیے بھی ایک الگ ‘اے آئی ایجنٹ’ تیار کروا رہے ہیں، جو ان کے نجی معاملات میں مددگار ثابت ہوگا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو مستقبل میں دیگر بڑے تخلیق کاروں اور سربراہانِ مملکت کو بھی اپنے ڈیجیٹل کلون بنانے کی سہولت فراہم کی جا سکے گی، جس سے کارپوریٹ دنیا میں رابطوں کا انداز مکمل طور پر بدل جائے گا۔
