لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

کنسرٹ میں کیٹی پیری بوتل سمیت ہجوم میں پھنس گئیں

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

والیٹا (ویب ڈیسک):امریکی پاپ اسٹار اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ کیٹی پیری (Katy Perry) مالٹا میں منعقدہ اپنے کنسرٹ کے دوران ایک منفرد اسٹیج اسٹنٹ کرتے ہوئے غیر متوقع صورتِ حال کا شکار ہو گئیں، جس کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔

41 سالہ کیٹی پیری پرفارمنس کے دوران ایک دیوہیکل پھولنے والی (Inflatable) پانی کی بوتل کے اندر داخل ہوئیں۔ طے شدہ منصوبے کے مطابق ہجوم کو اس بڑی بوتل کو ہاتھوں ہاتھ اسٹیج کے قریب لگے ایک بڑے اسٹرا (Straw) تک پہنچانا تھا، لیکن معاملہ اس وقت بگڑ گیا جب شائقین نے بوتل کا رخ اسٹیج کی طرف موڑنے کے بجائے اسے ہجوم کے مزید اندر دھکیلنا شروع کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیٹی پیری شفاف بوتل کے اندر اپنا توازن برقرار رکھنے کی ناکام کوشش کرتی رہیں۔ جب انہیں احساس ہوا کہ وہ اسٹیج سے مسلسل دور ہو رہی ہیں اور ہجوم انہیں کہیں اور لے جا رہا ہے تو انہوں نے مائیک پر بلند آواز میں شائقین سے کہا کہ انہیں واپس اسٹیج کی جانب لایا جائے۔

چند منٹ کی افراتفری اور ڈرامائی صورتحال کے بعد بالآخر شائقین نے دیوہیکل بوتل کا رخ بدلا اور گلوکارہ کو بحفاظت اسٹیج تک پہنچایا، جس کے بعد انہوں نے مسکراتے ہوئے اپنی پرفارمنس دوبارہ شروع کی۔

واقعے کے بعد کیٹی پیری نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کو ہنسی مذاق میں ٹالتے ہوئے لکھا کہ وہ اکثر اس اسٹنٹ کا استعمال کرتی ہیں، لیکن اس بار وہ معمول سے بہت زیادہ دور نکل گئی تھیں اور ایک لمحے کے لیے واقعی ڈر گئی تھیں کہ کہیں وہ اسٹیج تک واپس ہی نہ پہنچ سکیں۔

دوسری جانب، ویڈیوز وائرل ہوتے ہی انٹرنیٹ پر میمز کا طوفان آ گیا۔ مداحوں نے کیٹی پیری کے مشہور گانوں کا مزاحیہ انداز میں استعمال کیا، جبکہ کچھ صارفین نے اس قسم کے اسٹیج اسٹنٹس کی سیکیورٹی اور انتظامی تدابیر پر سوالات بھی اٹھائے۔