میامی (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی اور میامی یونیورسٹی کی گولف ٹیم کی کھلاڑی کائی ٹرمپ (Kai Trump) کا گولف سیزن ایک بڑی رکاوٹ کا شکار ہو گیا ہے۔
کائی ٹرمپ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر انکشاف کیا ہے کہ ان کی بائیں کلائی میں چوٹ آئی تھی جس کے بعد ان کی کامیاب سرجری کر دی گئی ہے۔
کائی ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں چوٹ کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں، البتہ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تکلیف سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران پیش آئی تھی۔ انہوں نے لکھا: “اگرچہ میں سرجری سے بچنا چاہتی تھی، لیکن خاندان، کوچز اور ٹریننگ اسٹاف سے مشاورت کے بعد مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ میرے طویل المدتی کیریئر اور صحت کے لیے بہترین ہے”۔
کائی ٹرمپ میامی یونیورسٹی کی گولف ٹیم کی نو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ اس سیزن میں اب تک میامی ہریکینز کی ٹیم نے تین ایونٹس میں دو ٹورنامنٹ جیتے ہیں اور قومی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے۔
کائی ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ “فی الحال توجہ صرف صحت یابی اور مکمل آرام پر ہے۔ میں جلد اپنی ٹیم کے ساتھ واپس آ کر اپنے پسندیدہ کھیل کے میدان میں اترنے کے لیے بے تاب ہوں”۔
سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں اور مداحوں کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





