لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

امریکی نائب صدرجےڈی وینس(JD Vance)نے خوراک و پانی ذخیرہ کرنےاوربنکر بنانےکی افواہوں کومستردکردیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن (ویب ڈیسک): حالیہ دنوں میں بڑی ٹیکنالوجی سروسز اور فضائی نظام میں آنے والی تشویشناک بندش (Tech Outages) کے بعد امریکی عوام میں پائے جانے والے خوف و ہراس پر ردِعمل دیتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس (JD Vance) نے اشیائے ضروریہ کی گھبراہٹ میں خریداری (Panic-Buying) کی ضرورت کو مسترد کر دیا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی شہریوں کو یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ وہ “ہر صورتحال کے لیے تیار رہیں”۔

پیر کے روز فوکس نیوز کی اینکر لورا انگراہم (Laura Ingraham) سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس سے سوال کیا گیا کہ آیا حالیہ تکنیکی تعطل کسی بڑے آنے والے بحران یا تباہی کی علامت ہو سکتے ہیں؟ جس کے جواب میں جے ڈی وینس نے کہا:

“میرے بہت سے دوستوں نے مجھ سے رابطہ کر کے پوچھا کہ کیا انہیں بنکر بنانے یا خوراک اور پانی ذخیرہ کرنے کی تیاری شروع کر دینی چاہیے؟ اس پر میرا جواب ‘نہیں’ ہے۔”

نائب صدر نے مزید کہا کہ حکومت کو فی الحال کسی بڑے بحران کے آنے کے آثار نظر نہیں آ رہے، لیکن ہر شہری کو ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ذہنی اور عملی طور پر تیار رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ بدترین نتائج کو روکا جا سکے، اور خدا نخواستہ اگر کوئی ہنگامی صورتحال پیدا ہو بھی جائے تو حکومت اس سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

امریکی نائب صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کے دیگر حصوں میں حکومتیں اپنے شہریوں کو خوراک اور پانی ذخیرہ کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔ برطانوی حکام نے 2030ء تک ملک کو سنگین فوجی خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ’بی ریڈی‘ (Be Ready) مہم شروع کی ہے، جس میں ہر گھرانے کو کم از کم 72 گھنٹوں کا ہنگامی راشن، خوراک اور پانی ذخیرہ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اسی طرح جاپان میں بھی حکام نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی اپیل جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بغیر حکومتی مدد کے کم از کم تین دن سے ایک ہفتے تک گزارا کرنے کے لیے پانی، خوراک اور بنیادی ضروریات کا سامان گھر میں رکھیں۔

جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکی فوج اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات محض ایک ذمہ دار حکومت کی معمول کی تیاریوں کا حصہ ہیں اور اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ کوئی بحران سر پر منڈلا رہا ہے۔

دوسری جانب ایف بی آئی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اور میڈیا شخصیت ڈین بونگینو (Dan Bongino) نے گزشتہ ماہ برطانیہ کی ’بی ریڈی‘ مہم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہنگامہ خیز دور میں بے چینی اور خوف کم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ شہری اپنے پاس ایمرجنسی ریڈیو، بیٹریاں، ہنگامی خوراک اور پانی صاف کرنے والے فلٹریشن آلات یا گولیاں ضرور رکھیں۔