واشنگٹن: امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر بیلیویو (Bellevue) میں پولیس نے ایک 30 سالہ بھارتی سافٹ ویئر انجینئر کو اپنی بیوی کے بہیمانہ قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو گلا دبا کر قتل کیا اور بعد میں اسے ایک حادثہ ظاہر کرنے کے لیے جھوٹی کہانی گھڑی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 27 اکتوبر 2025 کو پیش آیا تھا، جب ملزم اویناش نارنے (Avinash Narne) نے پولیس کو کال کی اور دعویٰ کیا کہ اس کی 27 سالہ بیوی راجھیتا سبینینی (Raajitha Sabbineni) باتھ روم کے اندر بند ہے اور کوئی جواب نہیں دے رہی۔ جب پولیس نے دروازہ توڑا تو راجھیتا فرش پر مردہ حالت میں پائی گئی۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ سودا سلف لینے باہر گیا تھا اور جب 40 منٹ بعد واپس آیا تو باتھ روم اندر سے لاک تھا۔
تقریباً نو ماہ تک جاری رہنے والی تفتیش کے بعد بیلیویو پولیس ڈپارٹمنٹ (Bellevue Police Department) نے سائنسی شواہد کی بنیاد پر اویناش کو گرفتار کیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ راجھیتا کی موت دم گھٹنے (Asphyxia) اور گلا گھونٹے جانے (Strangulation) کی وجہ سے ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے اسے باقاعدہ قتل کا مقدمہ (Homicide) قرار دیا۔
تفتیش کے دوران ملزم کا ایک خفیہ افیئر بھی سامنے آیا۔ اویناش نے 5 جون 2025 کو راجھیتا سے ارینج میرج کی تھی، لیکن وہ بھارت میں موجود ایک لڑکی کے ساتھ خفیہ تعلقات میں تھا۔ حیران کن طور پر وہ لڑکی ان کی شادی میں بھی شریک ہوئی تھی۔ قتل والے دن ملزم نے اپنی گرل فرینڈ کو چار بار کال کی اور مبینہ طور پر قتل کے بعد بیوی کی لاش کی تصویر بھی اسے بھیجی۔
پولیس نے مقتولہ کے موبائل سے کچھ ٹیکسٹ میسجز بھی برآمد کیے ہیں، جن میں اس نے بارہا شکایت کی تھی کہ اس کا شوہر جو ڈرنکس بنا کر دیتا ہے ان کا ذائقہ انتہائی کڑوا ہوتا ہے۔ موت والے دن بھی راجھیتا نے اپنے شوہر کو میسج کیا تھا کہ اس کی بنائی ہوئی اسمودی (Smoothie) کا ذائقہ “کف سیرپ” اور “دوائی” جیسا ہے۔
اویناش نارنے پر 5 جولائی 2026 کو فرسٹ ڈگری مرڈر (First-degree murder) کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے، جس میں جرم ثابت ہونے پر اسے عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ملزم اس وقت 5 ملین ڈالر کی ضمانت کے عوض پولیس کی حراست میں ہے۔





