لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

پہلی بارانسان نما’ہومنائیڈروبوٹس’ نےسرجریز کامیابی سےمکمل کرلیں؛ریموٹ ہیلتھ کیئرمیں بڑی پیش رفت

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

کیلیفورنیا: طبی سائنس اور ٹیکنالوجی کی تاریخ میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو (UC San Diego) کے محققین نے پری کلینیکل ٹرائل کے دوران ریموٹ کنٹرول (Teleoperated) انسان نما ‘ہومنائیڈ روبوٹس’ کے ذریعے دو پیچیدہ سرجریز کامیابی سے مکمل کر کے آپریٹنگ رومز میں روبوٹک اسسٹنس کا نیا دور شروع کر دیا ہے۔

یہ تاریخی آپریشنز بڑے غیر پریمیٹ ممالیہ (Large non-primate mammals) پر کیے گئے، جن میں دو مختلف طریقے اپنائے گئے:

انسان اور روبوٹ کی شراکت داری: پہلی سرجری میں ایک انسانی سرجن اور ہومنائیڈ روبوٹ نے مل کر پتے کی سرجری (Gallbladder Removal) کامیابی سے مکمل کی۔

روبوٹ اور روبوٹ کی جوڑی: دوسرے تجربے میں دو ہومنائیڈ روبوٹس نے ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے بغیر کسی انسانی ہاتھ کے دوسری سرجری کو کامیابی سے انجام دیا۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ ثابت کرتا ہے کہ ہومنائیڈ روبوٹس مستقبل میں نہ صرف سرجنز کے مددگار بن سکتے ہیں بلکہ دور بیٹھ کر (Teleoperation کے ذریعے) بھی آپریشن سرانجام دے سکتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی دنیا بھر میں سرجنز کی کمی کو پورا کرنے، آپریشن کے لیے انتظار کا وقت کم کرنے اور دور دراز یا پسماندہ علاقوں میں بہترین طبی سہولیات پہنچانے میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔

موجودہ مخصوص سرجیکل روبوٹس کے برعکس، ہومنائیڈ روبوٹس آزادانہ حرکت کر سکتے ہیں، آپریشن تھیٹر میں کم جگہ گھیرتے ہیں اور ایک ہی وقت میں کئی طرح کے مختلف کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

‘سرجی’ (Surgie) روبوٹ کی خصوصیات
اس تحقیق میں استعمال ہونے والے روبوٹس کو ‘سرجی’ (Surgie) کا نام دیا گیا ہے:
ان روبوٹس کا قد تقریباً 5 فٹ اور وزن 60 پاؤنڈ ہے۔
ہلکے وزن اور مناسب سائز کی وجہ سے انہیں کسی بھی ہسپتال، دیہی علاقوں، آفت زدہ مقامات اور مشکل ماحول میں آسانی سے منتقل اور تعینات کیا جا سکتا ہے۔

تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان روبوٹس کی کیلیبریشن اور سگنل کی رفتار (Latency) میں مزید بہتری کی گنجائش ہے، تاہم یہ ٹیکنالوجی انتہائی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ مستقبل میں یہ ہومنائیڈ روبوٹس خودکار اسسٹنٹس کے طور پر آپریشن تھیٹر کی صفائی، سرجری کے اوزار لانے اور طبی ٹیموں کی مکمل معاونت کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔