اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے ہیٹی (Haiti) کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UN Security Council) کے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیٹی میں طویل المدتی استحکام اور امن کا قیام صرف اور صرف ایک مکمل، جامع اور ہیٹی کی اپنی قیادت و ملکیت میں چلنے والے عمل سے ہی ممکن ہے۔
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ اس عمل کو باہمی بات چیت اور تعاون پر مبنی ہونا چاہیے، جس کے پس پشت بہترین انداز میں منظم اور مربوط بین الاقوامی و علاقائی تعاون کی حمایت شامل ہو۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے ہیٹی کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا “آج ہیٹی کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ ہیٹی کے عوام کے بہترین مفاد میں مقصد کا اتحاد (Unity of Purpose) ہے۔ تمام فریقین کو مل کر ملک کے مستقبل کے لیے کام کرنا ہو گا۔”
انہوں نے پاکستان کی جانب سے پُرعزم موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ:”پاکستان ہیٹی میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔”
پاکستانی مندوب کا یہ بیان سلامتی کونسل میں ہیٹی کے درپیش سیاسی، سیکیورٹی اور انسانی بحران پر غور کے دوران سامنے آیا، جس میں عالمی برادری کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا گیا۔





