دبئی: دبئی میں رہائش پذیر کرایہ داروں کو جلد ہی سالانہ کرایہ ادا کرنے کے لیے ایک نئی اور انقلاب آفرین سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ (DLD) ایک مقامی بینک کے اشتراک سے ‘رینٹ ناؤ، پے لیٹر’ (Rent Now, Pay Later) نامی ایک نئی زیرو پرسنٹ (Zero-Interest) سود سے پاک سروس متعارف کروانے کے لیے کام کر رہا ہے، جس کے تحت کرایہ دار اپنا سالانہ کرایہ 12 آسان ماہانہ اقساط میں ادا کر سکیں گے۔
اس سروس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کرایہ دار کے بجائے بینک مکان مالک (Landlord) کو پور سال کا کرایہ پیشگی (Upfront) ایک ساتھ ادا کر دے گا۔ اس کے بعد کرایہ دار مکان مالک کے بجائے بینک کو بلا سود ماہانہ قسطوں کی صورت میں رقم واپس کرے گا۔
بینک مالک مکان کو پورے سال کا کرایہ ایک ساتھ دے گا، جس سے مالکان کا اعتماد برقرار رہے گا۔
سالانہ ایک ساتھ بڑی رقم یا چیک دینے کے بجائے کرایہ دار 12 مہینوں میں چھوٹی اقساط ادا کریں گے۔
اس فنانسنگ پر کرایہ داروں سے کسی قسم کا سود (Interest) وصول نہیں کیا جائے گا۔
کرایہ داروں کو اپنی ماہانہ آمدنی کے مطابق گھر کے اخراجات ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔
دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی اس سے قبل متعارف کروائی گئی ‘فلیکسی رینٹ’ (Flexi Rent) اسکیم کے برعکس، اس نئی ‘RNPL’ سروس میں بینک کی شمولیت سے مالکِ مکان کو سالانہ رقم کی ضمانت ملتی ہے۔
اس سہولت کا باقاعدہ آغاز ستمبر 2026 میں متوقع ہے، جس کی مکمل اہلیت اور انتظامی طریقہ کار کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔





