زیورخ / واشنگٹن : عالمی فٹ بال کی نگران تنظیم فیفا (FIFA) کے صدر گیانی انفانتینو (Gianni Infantino) اپنے 11 سالہ صدارتی دور کے سب سے بڑے سیاسی اور انتظامی بحران کا سامنا کرنے جا رہے ہیں۔
انفانتینو جمعرات کے روز زیورخ میں فیفا کے ہیڈکوارٹر میں 37 رکنی فیفا کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ 11 ہفتے قبل ان کے متنازع اور خفیہ ورلڈ کپ سیل آف پلان کے فاش ہونے اور شدید تنقید کے بعد واپس لیے جانے کے بعد سے یورپی اور شمالی امریکی فیڈریشنز کے ساتھ یہ ان کا پہلا براہِ راست ٹکراؤ ہوگا۔
اس کونسل اجلاس کی اہمیت اس لیے بھی دوچند ہے کیونکہ 18 نومبر کو فیفا کے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی نامزدگی کی آخری تاریخ ہے، جب کہ انتخابات آئندہ سال مارچ میں مراکش کے شہر ربات (Rabat) میں منعقد ہوں گے۔
جولائی کے اواخر میں نیویارک کے قریب ورلڈ کپ فائنل کے بعد انفانتینو بلامقابلہ چوتھی اور آخری مدت کے لیے آگے بڑھ رہے تھے کہ نجی سرمایہ کاروں کو حقوق فروخت کرنے کا انکشاف سامنے آگیا۔
ایجنڈے کے چار اہم ترین حصوں میں جوش کشنر (Joshua Kushner) کی قیادت میں نجی سرمایہ کاروں کو ٹورنامنٹ کے حقوق کی مستقل فروخت کا معاملہ سرفہرست ہے۔
اس مجوزہ منصوبے کے تحت فیفا کے 5 سے 6 ارب ڈالر کے ذخائر سے ممبر فیڈریشنز کو رقوم کی فراہمی کا پلان تھا، جسے شدید مخالفت کے بعد فوری واپس لے لیا گیا تھا۔
یفا اور اس کے اتحادیوں نے اگست میں امریکی عدالتوں میں درخواستیں دائر کی تھیں تاکہ جش کشنر اور فیفا سے شواہد حاصل کیے جا سکیں، کیونکہ یفا کے وکلاء کا دعویٰ ہے کہ 4.2 ارب ڈالر کی یہ ڈیل انفانتینو نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے کی۔ دوسری جانب فیفا نے اس مہم کو “بہتان بازی” قرار دیا ہے۔
ایجنڈے میں یہ نکتہ بھی شامل ہے کہ دسمبر میں واشنگٹن میں ورلڈ کپ کے قرعہ اندازی کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کی جانب سے متنازع طور پر امن ایوارڈ کیوں اور کیسے دیا گیا؟ نارویجن فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے اس پر باضابطہ اخلاقی شکایات درج کرائی گئی ہیں، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو اور امریکی کھلاڑی فلورین بالوگن کے ریڈ کارڈز اور کانگو کے نااہل گول کیپر سے متعلق تضبذب کا شکار تادیبی فیصلوں پر بھی سوالات اٹھائے جائیں گے۔
کونسل اجلاس میں انفانتینو ممبر فیڈریشنز کو 2027-2030 کے کمرشل سائیکل میں پہلے سے وعدہ شدہ 10 ملین ڈالر کے علاوہ 15 ملین ڈالر اضافی دینے کی تجویز پیش کریں گے تاکہ ممبران کو اپنے ساتھ رکھا جا سکے۔





