غزہ: قطری نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں فٹبال کے بڑی تعداد میں شائقین نے اتوار کو ارجنٹینا کے خلاف ہونے والے ورلڈکپ فائنل کے معرکے میں اسپین کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ غزہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ چونکہ اسپین نے مشکل وقت میں فلسطینیوں کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کیا ہے، اس لیے وہ دل سے اسپین کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ کے اکثر لوگوں کی رائے یکساں ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ اسرائیلی جارحیت کے دوران فلسطینیوں کے حوالے سے ہسپانوی حکومت کا جرات مندانہ مؤقف اور اسپین کی معروف کھیلوں کی شخصیات، خصوصاً بارسلونا کے نوجوان اسٹار لامین یمال کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ کھلم کھلا اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔
غزہ کے ایک رہائشی، احمد البزم نے ہسپانوی اسٹار لامین یمال کے نام اپنے جذباتی پیغام میں کہا: “فلسطین کی جانب سے ہم آپ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، ہم دل سے آپ کی حمایت کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ ورلڈکپ ٹرافی جیتیں اور اس تاریخی کامیابی کے ساتھ فلسطین کا پرچم بھی بلند کریں۔”
اس حوالے سے غزہ کے معذور افراد کی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ، حاتم المغربی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “پورا فلسطین چاہتا ہے کہ اسپین ورلڈکپ جیتے. ہمارے ان کھلاڑیوں نے جنگ میں اپنی ٹانگیں اور بازو ضرور کھوئے ہیں، لیکن انہوں نے فلسطین کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کے لیے اپنے دلوں میں محبت، شکرگزاری اور احترام کا جذبہ کبھی نہیں کھویا۔”
دوسری جانب، سابق فلسطینی فٹبالر عدنان العفیفی نے واضح کیا کہ اسپین کی حمایت کا مطلب ارجنٹینا سے کسی قسم کی دشمنی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم ہر ٹیم کا احترام کرتے ہیں۔ اسپین کی حمایت کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم ارجنٹینا کے مخالف ہیں، ہم ان کے لیے بھی نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔”





