ہیوسٹن/کراچی: امریکہ میں مقیم سینئر صحافی امجد علی قائم خانی کی والدہ خورشید بانو مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئیں۔ ان کی نمازِ جنازہ میرپورخاص کے علاقے جیمس آباد میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
تدفین کے موقع پر سیاسی، سماجی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
والدہ کے انتقال کی خبر ملتے ہی ہیوسٹن کے علاقے شوگر لینڈ میں امجد قائم خانی کی رہائش گاہ پر احباب کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے پہنچ کر ان سے اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
تعزیت کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر بابر خان غوری، سابق وفاقی وزیر مواصلات شمیم صدیقی، فرینڈز آف کراچی کے صدر عارف عظیم، جامعہ کراچی المنائی ایسوسی ایشن کے صدر فہیم آخوند، پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے جوائنٹ سیکرٹری سید ارشد اقبال، سماجی رہنما امتیاز احسن، شکیل خان، ناصر یونس اور طاہر ماما سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر بلال احمد نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرائی۔




