نیویارک (ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جہاں ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان میدانِ جنگ سجنے والا ہے، وہاں فٹبال کے شائقین تاریخ کے پہلے ورلڈ کپ “ہاف ٹائم شو” (Halftime Show) کا بھی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جس کی تیاریاں اب آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں دھوم مچانے والے عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار شکیرا (Shakira) اور برنا بوائے (Burna Boy) نے نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں اپنے میگا ہاف ٹائم شو کی ریہرسل مکمل کر لی ہے۔
شکیرا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریہرسل کی چند دلکش تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا: “اتوار کے لیے تیار ہیں، ورلڈ کپ فائنل میں ملاقات ہوگی!”۔ ان کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہو گئی، جسے لاکھوں صارفین نے لائیک کیا اور ہزاروں مداحوں نے اپنے غیر معمولی جوش و خروش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی پوری تاریخ میں پہلی بار امریکی سپر باؤل (Super Bowl) کی طرز پر ہاف ٹائم شو پیش کیا جا رہا ہے۔ روایتی طور پر ہونے والے 15 منٹ کے ہاف ٹائم بریک کے بجائے، اس بار طویل دورانیے کا ایک خصوصی میوزیکل شو ہوگا جس میں دنیا بھر کے نامور فنکار اپنی پرفارمنس کا جادو جگائیں گے۔
شکیرا اور برنا بوائے ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل ترانے پر پرفارم کریں گے، جس کا بنیادی مقصد فٹبال کے کھیل کے ذریعے عالمی یکجہتی کو فروغ دینا اور ‘فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ’ کی مالی معاونت کرنا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس شاندار شو کو مزید یادگار بنانے کے لیے جسٹن بیبر، میڈونا، کورین بینڈ بی ٹی ایس (BTS)، گیٹو کڈز، معروف آرکسٹرا کنڈکٹر گستاوو ڈوڈامل، پی ایس 22 کورس، اور مشہور برطانوی بینڈ ‘کولڈ پلے’ کے اراکین بھی اسٹیج کی رونق بڑھائیں گے۔ اس کے علاوہ، بچوں کے پسندیدہ شوز ‘سیسمی اسٹریٹ’ اور ‘دی مپٹس’ کے مقبول ترین کردار بھی اس شو کا حصہ ہوں گے، جس کے باعث مبصرین اسے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور مہنگا ترین تفریحی شو قرار دے رہے ہیں۔





