لاس اینجلس (ویب ڈیسک): امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آرکیڈیا کی میئر ایلین وانگ (Eileen Wang) نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے ساتھ ہی وفاقی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ عدالت میں چینی حکومت کے غیر قانونی ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا اعتراف کریں گی۔
58 سالہ ایلین وانگ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2020 سے 2022 کے درمیان چین کی کمیونسٹ پارٹی (CCP) کے اشاروں پر کام کیا اور امریکہ میں چینی پروپیگنڈے کو فروغ دیا۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق، وانگ نے تسلیم کیا ہے کہ وہ چینی مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرم تھیں۔ اس جرم میں انہیں 10 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
آرکیڈیا کے سٹی مینیجر ڈومینک لازاریٹو نے تصدیق کی ہے کہ وانگ نے کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ میئر کے خلاف الزامات ان کے حلف اٹھانے سے پہلے کے دور کے ہیں اور شہر کے مالیات یا انتظامی امور اس سے متاثر نہیں ہوئے۔ ایلین وانگ، جو خود ایک چینی تارکِ وطن ہیں، گزشتہ تین دہائیوں سے امریکہ میں مقیم تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے سابق منگیتر یاؤننگ ‘مائیک’ سن کو بھی رواں سال کے آغاز میں چین کے لیے خفیہ ایجنٹ کے طور پر کام کرنے پر چار سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔



