نیویارک: برونکس کے علاقے میں بدھ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں اپنے والد کے ساتھ اسکول جانے کے لیے گاڑی میں سوار ہونے والے 14 سالہ لڑکے کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے سات بجے کے قریب سیوارڈ اور روزڈیل ایونیو (Seward and Rosedale Avenues) کے قریب پیش آیا۔ جب لڑکا گاڑی میں بیٹھ رہا تھا، ایک نامعلوم مسلح شخص نے گاڑی پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں ایک گولی لڑکے کی بائیں ٹانگ میں لگی۔ زخمی لڑکے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت کئی خاندان اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے اپنی جان بچانے کے لیے پناہ لی۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور سیاہ سویٹر اور کالی ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھا جسے آخری بار روزڈیل ایونیو پر بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا نشانہ وہ لڑکا ہی تھا یا یہ محض ایک اتفاقیہ واقعہ تھا۔





