لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

بی ٹی ایس نے نیویارک میں ARMY کے لیے بڑے جشن کا اعلان کر دیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: اپنے عالمی ‘Arirang World Tour’ کے سلسلے میں میٹ لائف اسٹیڈیم (MetLife Stadium) میں پرفارمنس سے تقریباً ایک ماہ قبل، دنیا کے سب سے مقبول ترین کے پاپ گروپ بی ٹی ایس (BTS) نے نیویارک سٹی میں اپنے فینز (ARMY) کے لیے ایک بہت بڑے جشن اور سرگرمیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

سات ارکان پر مشتمل یہ گروپ 24 جولائی سے 3 اگست کے دوران نیویارک میں “BTS the City Arirang” کے نام سے فینز کے لیے مختلف معلوماتی اور تفریحی ایونٹس منعقد کرے گا، جو ایسٹ ردرفورڈ اسٹیڈیم میں ان کے دو روزہ کنسرٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گے۔

ان تقریبات کا باقاعدہ آغاز 24 جولائی سے چیلسی پیئرز میں واقع Arte Museum میں ایک ڈیجیٹل اور انٹرایکٹو نمائش سے ہوگا۔ اس سحر انگیز نمائش میں فینز بی ٹی ایس کے نئے البم ‘Arirang’ اور پرانے گیتوں کی تھیم پر مبنی پھولوں، وہیل مچھلیوں اور جہازوں کی متحرک تصاویر، خوشبوؤں اور آوازوں کا تجربہ کر سکیں گے۔ یہ نمائش 14 اگست تک جاری رہے گی۔

اسی دن سے، فینز نیویارک سٹی میں ‘Kpop Nara’ اور ‘K Town Studio 32’ پر قائم Photoism فوٹو بوتھس پر جا کر بی ٹی ایس کے ممبرز کے ساتھ کھڑے ہو کر ‘فور کٹ’ (four-cut) تصاویر کھنچوا سکیں گے، جو بالکل حقیقی لگیں گی۔ یہ سہولت 3 اگست تک دستیاب رہے گی۔

30 جولائی سے بی ٹی ایس نیویارک کے سب سے بڑے ٹریفک حب گرینڈ سینٹرل ٹرمینل (Grand Central Terminal) کا رخ کرے گا۔ یہاں فینز کو بی ٹی ایس کے تاریخی ویمبلے ‘LOVE YOURSELF: SPEAK YOURSELF’ کنسرٹ کے اصل ملبوسات (Outfits) کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ اپنی پسند کی بی ٹی ایس تھیم شرٹس بھی ڈیزائن کر سکیں گے۔

اس کے بعد، 31 جولائی سے ‘I Love Dance’ آرگنائزیشن کے ساتھ رینڈم پلے ڈانس اور Marquee Nightclub میں بی ٹی ایس تھیم پر مبنی ایک شاندار ویلکم پارٹی کا انعقاد کیا جائے گا جو یکم اگست تک جاری رہے گی۔

میٹ لائف اسٹیڈیم میں کنسرٹ والے دن بھی مین ہٹن میں موجود کورین کلچر سینٹر (Korean Culture Center) فینز کے لیے مختلف اسٹیشنز کی میزبانی کرے گا۔ جہاں فینز اپنی لائٹ اسٹک (Army Bomb) کو کسٹمائز کر سکیں گے، سیمسنگ گلیکسی بوتھ پر اپنے اسٹیکرز بنا سکیں گے، اور ‘Tous les Jours’ بوتھ پر کورین بیکری آئٹمز کا لطف اٹھا سکیں گے۔

ان تمام ایونٹس کا دورہ کرنے والے فینز راستے میں اپنی حاضری کے اسٹیمپس جمع کر کے “BTS Stamp Rally” کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ ایونٹس کے لیے پہلے سے ٹکٹ اور ریزرویشن لازمی ہے، جس کی تفصیلات بی ٹی ایس کی آفیشل ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔