نیویارک: امریکی ریاستوں نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹیکٹ (ٹرائی سٹیٹ ریجن) میں “برمودا ہائی” (Bermuda High) سسٹم کے باعث موسمِ گرما کی لہر وقت سے پہلے ہی داخل ہو گئی ہے۔ خلیجِ امریکہ سے آنے والی گرم ہواؤں کے باعث منگل اور بدھ کو درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیشنل ویدر سروس (NWS) کے مطابق شدید گرمی اور ہوا میں نمی (حبس) کے امتزاج کے باعث بعض علاقوں میں گرمی کی شدت (Feel like) 100 ڈگری فارن ہائیٹ (تقریباً 38 ڈگری سیلسیئس) تک محسوس کی جا سکتی ہے، جس کے پیشِ نظر ہیٹ ایڈوائزری بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق منگل (19 مئی) اور بدھ (20 مئی) کو ماضی کے کئی ریکارڈز ٹوٹ سکتے ہیں:
19 سینٹرل پارک میں 19 مئی کا بلند ترین درجہ حرارت 99 ڈگری (1962) ہے، جبکہ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر 96 اور جے ایف کے ایئرپورٹ پر 92 ڈگری (2017) ریکارڈ کیا گیا تھا۔
20 سینٹرل پارک میں 20 مئی کا ریکارڈ 96 ڈگری، لاگارڈیا پر 97 اور جے ایف کے پر 95 ڈگری ہے، یہ تمام ریکارڈز 1996 میں قائم ہوئے تھے۔
موسماتی ماہرین کے مطابق رواں موسمِ بہار میں سینٹرل پارک میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 15 اپریل کو 90 ڈگری فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم موجودہ لہر اس سے کہیں زیادہ شدید ہے۔
