نیویارک(ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں شام کی سیاسی اور انسانی صورتحال پر بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے شام کی علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے پیچیدہ حالات میں یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ شام بڑے پیمانے پر علاقائی کشیدگی سے محفوظ رہا ہے۔ انہوں نے کشیدگی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے شامی حکومت کی “دانشمندانہ پالیسی” کی تعریف کی اور اسے علاقائی استحکام اور شام کی بحالی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
پاکستانی مندوب نے شام کی خودمختاری کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں، بشمول غیر قانونی دراندازی اور قبضے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدامات استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
پاکستان نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور 1974 کے علیحدگی کے معاہدے (Disengagement Agreement) کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترجیح ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم مشرقِ وسطیٰ ہے۔
