لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان نے عالمی مقابلۂ حسن ‘مس ورلڈ’ (Miss World) کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی بار باضابطہ طور پر شرکت کا اعزاز حاصل کر کے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
اس تاریخی موقع پر انیقہ جمال اقبال کو ‘مس ورلڈ پاکستان 2026’ کا تاج پہنایا گیا ہے، جو عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں گی۔
انیقہ جمال اقبال کی تاج پوشی کی پروقار تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مس پاکستان یونیورسل 2022 ڈاکٹر شفق اختر نے انہیں مس ورلڈ پاکستان کا تاج پہنایا، جبکہ تقریب میں مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔
پاکستان کو اس عالمی اسٹیج تک پہنچانے میں ‘مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن’ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس کا قیام 2002 میں عمل میں آیا تھا۔ گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستانی خواتین کو عالمی بیوٹی پیجینٹس تک پہنچانے کے لیے کوشاں اس ادارے کی سربراہ سونیا احمد کا کہنا ہے:
“مس ورلڈ میں پاکستان کی پہلی باضابطہ شرکت نہ صرف عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا ایک تاریخی موقع ہے، بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے کی طرح اب بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔”
پاکستانی دوشیزائیں اس سے قبل بھی مختلف عالمی مقابلوں میں حصہ لیتی رہی ہیں، تاہم مس ورلڈ کے مرکزی اسٹیج تک رسائی پہلی بار ممکن ہوئی ہے۔
سب سے پہلے 1989 میں معروف اداکارہ و ماڈل انیتا ایوب نے ‘مس ایشیا پیسیفک انٹرنیشنل’ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، تاہم ایک متنازع بیان کے باعث وہ یہ سفر مکمل نہ کر سکیں۔
اس کے بعد مختلف ادوار میں پاکستانی امیدواروں نے مس ارتھ، مس سپرا نیشنل، مس انٹرنیشنل اور مس گرینڈ انٹرنیشنل جیسے مقابلوں میں حصہ لیا۔
سال 2023 میں ایریکا رابن پہلی پاکستانی امیدوار بنیں جنہوں نے ‘مس یونیورس’ کے مرکزی مقابلے میں شرکت کی، جس کے بعد نور زرمینہ اور روما ریاض نے بھی اس پلیٹ فارم پر ملک کی نمائندگی کا سلسلہ آگے بڑھایا۔ اب انیقہ جمال اقبال ‘مس ورلڈ’ میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے لیے تیار ہیں۔





