ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کی رنگت اور نسلی پس منظر پر تبصرہ کرنے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ہونے والے شدید احتجاج کے بعد سینئر اداکار نے بالواسطہ انداز میں اپنی غلطی تسلیم کرنے کا اشارہ بھی دیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب فرانسیسی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک اہم میچ میں پیراگوئے کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس جیت کے بعد امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا:”فرانسیسی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں سے صرف ایک سفید فام جبکہ 10 سیاہ فام ہیں”
انہوں نے اپنی اس پوسٹ کے آخر میں ’’بلیک پاور‘‘ (Black Power) کے الفاظ بھی تحریر کیے۔

امیتابھ بچن کی اس پوسٹ پر دنیا بھر سے فٹبال شائقین نے فوری اور سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے بگ بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ان کی جلد کے رنگ یا نسلی پس منظر کے بجائے ان کی قومیت، کارکردگی اور کھیل کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے۔
صارفین کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح کے کھیلوں میں، جہاں مختلف نسلوں اور ثقافتوں کے کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں، وہاں امیتابھ بچن جیسی بااثر اور عالمی شخصیت کی جانب سے ایسا غیر حساس تبصرہ بالکل مناسب نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے غصے کو دیکھتے ہوئے امیتابھ بچن نے اپنے آفیشل بلاگ پر ایک نئی تحریر شائع کی۔ اگرچہ انہوں نے اپنی تحریر میں براہِ راست اس ٹویٹ یا تنازع کا ذکر نہیں کیا، تاہم ان کے الفاظ کو صارفین ان کی غلطی کا اعتراف سمجھ رہے ہیں۔
بگ بی نے اپنے بلاگ میں لکھا:”زندگی ہر روز انسان کو کچھ نہ کچھ سکھاتی ہے اور اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کمزوری نہیں بلکہ شخصیت کی مضبوطی کی علامت ہے۔ بعض اوقات کسی بحث کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہوتا ہے کہ انسان یہ مان لے کہ ممکن ہے سامنے والا ہی درست ہو۔”
امیتابھ بچن کی اس وضاحتی تحریر کے باوجود انٹرنیٹ پر اس معاملے پر بحث تاحال گرم ہے، جہاں کچھ لوگ اسے ان کا بڑا پن قرار دے رہے ہیں تو کچھ کا کہنا ہے کہ عوامی شخصیات کو اتنے حساس موضوعات پر پوسٹ کرتے وقت زیادہ احتیاط برتنی چاہیے۔





