ابوظبی(ویب ڈیسک): یو اے ای حکام نے اعلان کیا ہے کہ ابوظبی ائیرپورٹ سے آج 6 مارچ سے محدود کمرشل پروازوں کا دوبارہ آغاز ہو رہا ہے۔ اس فیصلے سے قبل سکیورٹی جائزے اور متعلقہ حکام سے مشاورت کی گئی۔ ابتدائی مرحلے میں ابوظبی کی ایک ائیرلائن چند اہم شہروں کے لیے پروازیں چلائے گی۔
ائیرلائن حکام کے مطابق پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو نئی پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، اور حالات بہتر ہونے پر مزید مقامات کے لیے پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔
مزید برآں، 28 فروری تک جاری کیے گئے ٹکٹ رکھنے والے مسافر بغیر کسی اضافی فیس کے نئی بکنگ کرا سکتے ہیں، جبکہ 21 مارچ تک کی پروازوں کے مسافر ریفنڈ کی درخواست بھی دے سکتے ہیں۔
ابوظبی ائیرپورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ تصدیق شدہ ٹکٹ یا باقاعدہ اطلاع کے بغیر ائیرپورٹ آنے سے گریز کریں۔
