نیویارک: نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب عامر احمد اتوزئی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب اختر جاوید سے ملاقات کی۔
ملاقات میں امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان ترسیلاتِ زر (Remittances) کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے ترسیلاتِ زر کے بہاؤ کو آسان بنانے اور مالیاتی رابطوں کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں ‘روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ’ کی اہمیت پر زور دیا گیا، جو سمندر پار پاکستانیوں کو بینکنگ اور سرمایہ کاری کے بہترین اور آسان مواقع فراہم کرتا ہے۔
قونصل جنرل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی کمیونٹی میں آگاہی پیدا کی جائے گی تاکہ وہ ترسیلاتِ زر کے لیے صرف قانونی اور دستاویزی ذرائع (Formal Channels) کا استعمال کریں۔
قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اسٹیٹ بینک کے آؤٹ ریچ پروگراموں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ سمندر پار پاکستانیوں اور ملکی معیشت کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔





