ٹوکیو(ویب ڈیسک): سونی کمپنی نے ابھی تک باضابطہ طور پر اپنے اگلے گیمنگ کنسول پلے اسٹیشن 6 (PlayStation 6) کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اس کی ممکنہ خصوصیات اور لانچ کی تاریخ کے حوالے سے اہم لیکس (Leaks) سامنے آگئی ہیں۔
مشہور ہارڈ ویئر لیکر ‘Kepler_L2’ کے مطابق، سونی 2027 کے آخر (Holiday Window) تک پلے اسٹیشن 6 کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کا ہدف رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پروڈکشن لاگت کو کم کرنے کے لیے بنیادی PS6 ماڈل میں بلٹ ان ڈسک ڈرائیو (Disc Drive) شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے، یعنی یہ مکمل طور پر ڈیجیٹل کنسول ہو سکتا ہے۔
لیکس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ PS6 میں 1TB SSD اسٹوریج دی جائے گی۔ اسٹوریج کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سونی ‘نیورل ٹیکسچر کمپریشن’ (Neural Texture Compression) نامی جدید ٹیکنالوجی استعمال کر سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے گیم فائلز کا سائز موجودہ جنریشن کے مقابلے میں کافی حد تک کم ہو جائے گا، جس سے کم اسٹوریج میں زیادہ گیمز ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن ہوگا۔
فی الحال یہ تمام معلومات لیکس اور رپورٹس پر مبنی ہیں۔ سونی نے کنسول کی قیمت، ڈیزائن یا فیچرز کے حوالے سے ابھی تک کسی خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔





