نیویارک (ویب ڈیسک): شمالی امریکہ کی سب سے بڑی پبلک ٹرانزٹ اتھارٹی، نیویارک سٹی ٹرانزٹ نے ‘اسٹیشن ایجنٹ’ کی آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ان آسامیوں کے لیے تحریری امتحان (ملٹی پل چوائس ٹیسٹ) 26 جولائی کو منعقد کیا جائے گا۔
اسٹیشن ایجنٹس نیویارک سٹی کے مختلف سب وے اسٹیشنوں پر تعینات کیے جاتے ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں مسافروں کو راستوں کی رہنمائی کرنا، فیئر کارڈز (Fare Cards) میں مدد دینا، ٹرن اسٹائلز (Turnstiles) کی نگرانی اور معذور افراد کے لیے مخصوص (ADA-accessible) گیٹس پر معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔
ابتدائی تنخواہ 25.15 ڈالر سے 27.17 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے
ملازمت کے چھٹے سال تک تنخواہ 35.92 ڈالر سے 38.82 ڈالر فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے۔
منتخب امیدواروں کو تنخواہ کے ساتھ ساتھ طبی انشورنس (Medical Plan)، پینشن پلان، بامعاوضہ چھٹیاں (عوامی تعطیلات، سالانہ اور بیماری کی چھٹیاں) جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
امیدوار کے لیے کم از کم ہائی اسکول ڈپلومہ ہونا ضروری ہے۔ بھرتی کے لیے ہونے والے ٹیسٹ میں پاس ہونے کے لیے کم از کم 70 فیصد نمبر لینا لازمی ہیں، جس کے بعد میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کی فہرست تیار کی جائے گی۔ درخواست کی فیس 68 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔





