واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکہ کے معمر ترین خلا باز ڈان پیٹٹ نے حال ہی میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) سے ایک ایسی تصویر شیئر کی جس نے سوشل میڈیا صارفین کو خوفزدہ کر دیاہے۔
تصویر میں ایک ارغوانی رنگ کی انڈے نما چیز دیکھی جا سکتی ہے جس سے عجیب و غریب ٹہنیاں باہر نکل رہی ہیں، جسے دیکھ کر بہت سے صارفین نے اسے 1979 کی مشہور ہارر فلم “ایلین” (Alien) کا کوئی منظر قرار دیا۔
تاہم، حقیقت اس سے کہیں زیادہ دلچسپ ہے۔ ڈان پیٹٹ نے انکشاف کیا کہ یہ کوئی خلائی مخلوق نہیں بلکہ ایک آلو ہے جسے انہوں نے خلائی اسٹیشن پر اپنے فارغ وقت میں اگایا ہے۔ انہوں نے اس کا نام “اسپڈ نک-1” (Spudnik-1) رکھا ہے۔ پیٹٹ، جو اب تک خلا میں 590 دن گزار چکے ہیں، نے بتایا کہ آلو غذائیت کے اعتبار سے خلائی سفر کے لیے بہترین پودا ہے، جیسا کہ مشہور فلم “دی مارشین” (The Martian) میں بھی دکھایا گیا تھا۔
خلا باز کے مطابق، کشش ثقل نہ ہونے کی وجہ سے آلو کی جڑیں ہر سمت میں پھیل جاتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ زمین کے آلوؤں سے بالکل مختلف نظر آتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خلا میں پودے زمین کے مقابلے میں بہت سست رفتاری سے اگتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل خلا باز آئی ایس ایس پر مختلف اقسام کے ساگ، گوبھی اور پھول بھی کامیابی سے اگا چکے ہیں۔





