پیرس/نیویارک (ویب ڈیسک): محض 10 سال کی عمر میں ابھرتے ہوئے ڈیزائنر میکس الیگزینڈر نے فیشن کی دنیا میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پیرس کے تاریخی پیلیس گارنیئر میں اپنی خواتین کی فال/ونٹر 2026-27 ریڈی ٹو ویئر کولیکشن پیش کر دی، جس نے حاضرین کو حیران کر دیا۔
چوتھی جماعت کے طالب علم میکس نے صرف چار سال کی عمر میں سلائی اور ڈیزائننگ کا آغاز کیا تھا۔ ان کی والدہ شیری میڈیسن کے مطابق ابتدا میں انہیں لگا کہ یہ محض ایک عارضی شوق ہے، تاہم وقت کے ساتھ میکس کی دلچسپی اور مہارت میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا۔ سات برس کی عمر میں وہ رن وے شو ڈیزائن کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین ڈیزائنر بن گئے، جس کا ریکارڈ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔
پیرس فیشن ویک کے دوران پیش کی گئی ان کی 15 ملبوسات پر مشتمل کولیکشن کی خاص بات اس کا ماحول دوست ہونا تھا۔ میکس نے اپنے ڈیزائنز میں ڈیڈ اسٹاک فیبرک، ری سائیکل شدہ بیگز اور ضائع شدہ کپڑوں کو استعمال کرتے ہوئے نئے انداز کے ملبوسات تیار کیے۔ اس مجموعے میں ایک منفرد گاؤن بھی شامل تھا جو فرانسیسی فوج کے پیراشوٹ سے تیار کیا گیا، جبکہ ایک پرانی ساڑھی کو بھی جدید طرز میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا۔
میکس کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو فاسٹ فیشن کے بجائے اشیاء کے دوبارہ استعمال اور ماحول دوست طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنا چاہتے ہیں۔
فیشن کی دنیا میں اپنی عمر سے کہیں زیادہ شہرت حاصل کرنے والے میکس بین الاقوامی سطح پر اپنے ملبوسات فروخت بھی کر چکے ہیں۔ وہ ہالی ووڈ اداکارہ شیرون اسٹون کے لیے ایک خصوصی لباس بھی تیار کر چکے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید وہ پچھلی زندگی میں معروف فیشن برانڈ گوچی کے بانی گیوچیو گوچی تھے۔
میکس کی والدہ کے مطابق ان کے بیٹے کی کامیابی سے زیادہ اہم اس کا اچھا اخلاق اور مثبت سوچ ہے۔ میکس کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد صرف خوبصورت کپڑے تیار کرنا نہیں بلکہ ایسے ملبوسات بنانا ہے جنہیں پہن کر خواتین خود کو پراعتماد اور خوبصورت محسوس کریں۔





