کیلیفورنیا (ویب ڈیسک): مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک نیا پریمیم سبسکرپشن ٹیر “واٹس ایپ پلس” (WhatsApp Plus) متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
معروف ویب سائٹ ‘ڈبلیو اے بیٹا انفو’ (WABetaInfo) کے مطابق، واٹس ایپ کی بنیادی میسجنگ سروس ہمیشہ کی طرح مفت رہے گی، تاہم اضافی اور خصوصی فیچرز کے خواہش مند صارفین کو ماہانہ فیس ادا کرنی ہوگی۔
واٹس ایپ پلس کے خصوصی فیچرز
واٹس ایپ پلس کے صارفین کو ایپ میں اپنی پسند کے مطابق تبدیلیوں (Customization) کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس سبسکرپشن کے اہم فیچرز درج ذیل ہیں:
صارفین کو ایپ کا آئیکن تبدیل کرنے کے لیے 14 مختلف آپشنز دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایپ کے رنگوں اور تھیمز کو بھی تبدیل کیا جا سکے گا۔
عام صارفین فی الحال صرف 3 چیٹس پن کر سکتے ہیں، لیکن واٹس ایپ پلس کے صارفین 20 اہم چیٹس کو ٹاپ پر پن کر سکیں گے۔
سبسکرائبرز کے لیے مخصوص رنگ ٹونز دستیاب ہوں گی جو عام ورژن میں موجود نہیں ہیں۔
پریمیم صارفین کے لیے خصوصی اسٹیکر پیکس اور چیٹنگ کے دوران نئے ‘امرسیو’ (Immersive) انداز متعارف کرائے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ پلس میں مزید جدید فیچرز کا اضافہ کیا جاتا رہے گا تاکہ پریمیم صارفین کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔





