عالمی ای کامرس کمپنی ایمیزون نے برازیل میں اپنی تیز ترین سروس ‘ایمیزون ناؤ’ (Amazon Now) باقاعدہ طور پر لانچ کر دی ہے۔
اس سروس کے تحت کمپنی گروسری اور روزمرہ کی ضروری اشیاء کو محض 15 منٹ کے ریکارڈ وقت میں صارفین کے گھروں تک پہنچانے کا ہدف رکھتی ہے۔
ایمیزون برازیل میں شاپنگ ایکسپیرینس کی ڈائریکٹر فرنینڈا گروماچ نے ساؤ پاؤلو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس سروس کا آغاز منگل سے ساؤ پاؤلو شہر سے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ 9 مارچ تک اس سہولت کا دائرہ کار بتدریج برازیل کے مزید سات بڑے شہروں تک پھیلا دیا جائے گا۔ ایمیزون کا یہ اقدام لاطینی امریکہ کی مارکیٹ میں اپنی گرفت مضبوط کرنے اور ڈیلیوری کے شعبے میں حریف کمپنیوں کو سخت مقابلہ دینے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
