لاس اینجلس (ویب ڈیسک): لاس اینجلس میں ہالی ووڈ کی مشہور ترین فلموں اور ٹی وی شوز میں استعمال ہونے والی 1,550 سے زائد اشیا کی لائیو نیلامی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ ‘پروپ اسٹور’ (Propstore) کے زیرِ اہتمام ہونے والی اس نیلامی سے مجموعی طور پر 90 لاکھ ڈالر حاصل ہو سکتے ہیں۔
سٹار وارز (Star Wars)فلم ‘دی ایمپائر اسٹرائیکس بیک’ میں استعمال ہونے والا روبوٹ C-3PO کا لائٹ اپ سر اس نیلامی کی سب سے قیمتی چیزوں میں شامل ہے، جس کی قیمت 3 لاکھ 50 ہزار سے 7 لاکھ ڈالر کے درمیان لگائی گئی ہے۔
شارک پر مبنی اس کلاسک فلم میں استعمال ہونے والی ہارپون گن (Harpoon Gun) پہلی بار نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے، جس کی متوقع قیمت 5 لاکھ ڈالر تک ہے۔ اس کے علاوہ فلم کے کردار کوئنٹ کی فشنگ راڈ بھی نیلامی کا حصہ ہے۔
‘ہیری پوٹر اینڈ دی پرزنر آف ازکابان’ کا مشہور جادوئی نقشہ ‘Marauder’s Map’ بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کی قیمت 80 ہزار ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
آرنلڈ شوارزنیگر کی ‘دی ٹرمنیٹر’ میں پہنی گئی جیکٹ اور فلم ‘گلیڈی ایٹر’ کے ہیلمٹ بھی اس نیلامی کی زینت بنیں گے۔
یہ میگا نیلامی 25 سے 27 مارچ تک لاس اینجلس میں منعقد ہوگی۔ نیلامی گھر کے مینیجر ابراہیم فرج کے مطابق ‘جاز’ جیسی فلموں کے اصلی نمونے شاذ و نادر ہی مارکیٹ میں آتے ہیں، اس لیے یہ مداحوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔
