نیویارک: نیویارک سٹی کونسل ممبر ڈاکٹر یوسف سلام اورسٹی کے میئرزوہران ممدانی نے تنظیم ‘Black Muslims Now’ کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ افطار تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر نیویارک کی تعمیر و ترقی اور اسلامی تاریخ میں سیاہ فام مسلمانوں کے کلیدی کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
میئر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ نیویارک شہر میں اسلام کی داستان سیاہ فام مسلمانوں کے تذکرے کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیونٹی نے نہ صرف شہر کی ثقافت کو جلا بخشی بلکہ وہ سماجی انصاف کی تحریکوں کا بھی ہراول دستہ رہے ہیں۔
میئر اور دیگر شرکاء نے عظیم رہنما مالکم ایکس (#MalcolmX) کی میراث کو یاد کرتے ہوئے کہا:”مالکم ایکس کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ ایک سچا مسلمان ہونے کا اصل مقصد کیا ہے۔ ان کی جدوجہد ہمیں آج بھی ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور انسانیت کی خدمت کی ترغیب دیتی ہے۔”
تقریب میں ‘Black Muslims Now’ نامی تنظیم کی خدمات کو سراہا گیا، جو نیویارک میں سیاہ فام مسلمانوں کے حقوق کی وکالت اور کمیونٹی کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ کونسل ممبر ڈاکٹر یوسف سلام نے بھی اس موقع پر اتحاد اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔
