نیوجرسی(ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند ماہ قبل انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نیو جرسی کے لبرٹی اسٹیٹ پارک میں ہونے والے بڑے ‘فین فیسٹیول’ کی اچانک منسوخی نے فٹ بال شائقین اور مبصرین میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
ٹکٹ ماسٹر (Ticketmaster) نے شائقین کو پیغامات بھیجنا شروع کر دیے ہیں کہ ایونٹ منسوخ ہو چکا ہے اور رقم واپس کر دی جائے گی۔ یہ فیسٹیول 11 جون سے 19 جولائی تک تمام میچوں کے لیے شیڈول تھا۔
جرسی سٹی کے حکام کے مطابق، ہزاروں شائقین کی آمد کو سنبھالنے اور مقامی کمیونٹی کے لیے پارک تک رسائی برقرار رکھنے کا کوئی “سستا اور قابلِ عمل طریقہ” موجود نہیں تھا۔
اطلاعات کے مطابق فیفا ٹورنامنٹ کے حوالے سے شائقین میں ‘جوش و خروش کی کمی’ (Lack of Hype) پر فکر مند ہے۔ ٹکٹوں کی حد سے زیادہ قیمتوں اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں مداح پہلے ہی ناراض ہیں۔
گورنر مائیکی شیریل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بڑے فیسٹیول کی جگہ اب محلوں کی سطح پر چھوٹی واچ پارٹیز اور اسٹریٹ فئیرز منعقد کیے جائیں گے تاکہ مقامی کاروبار کو فائدہ پہنچ سکے۔
کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والا یہ ورلڈ کپ ایک تاریخی ایونٹ ہونا چاہیے تھا، لیکن فیفا کی پالیسیوں اور بدانتظامی نے اس کے سحر کو کم کر دیا ہے۔ اب وقت بہت کم رہ گیا ہے کہ ان غلطیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔
