نیویارک سٹی (ویب ڈیسک): موسم سرما کی لہر ابھی ختم نہیں ہوئی، اور اس ویک اینڈ پر نیویارک سٹی (Big Apple) میں ایک بار پھر شدید برف باری کا امکان ہے۔ شمالی ٹیکساس سے اٹھنے والا طوفانی سسٹم اتوار کی صبح سے پیر کی دوپہر تک خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
اتوار کی صبح جنوب سے شمال کی طرف برف باری شروع ہوگی اور دوپہر تک پورے علاقے کو ڈھانپ لے گی۔ اتوار کی شام اور رات کے وقت برف باری کی شدت میں اضافہ ہوگا، جو پیر کی صبح تک جاری رہے گی اور پیر کی صبح برف باری کم ہونا شروع ہوگی اور دوپہر 12 بجے تک مکمل ختم ہونے کا امکان ہے۔
نیویارک کے پانچوں بوروز، نیوجرسی، لانگ آئی لینڈ، ویسٹ چیسٹر، اور کنیکٹی کٹ کے فیئر فیلڈ کاؤنٹی میں 6 انچ یا اس سے زیادہ برف باری ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر یہ مقدار ایک فٹ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ اورنج کاؤنٹی کے شمالی علاقوں میں 3 سے 6 انچ برف متوقع ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ پچھلے چند دنوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا ہے، جس کی وجہ سے زمین کا درجہ حرارت 32 ڈگری (فارن ہائیٹ) سے اوپر ہے۔ اس لیے برف کو زمین پر جمنے میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ تاہم، طوفان کے رخ میں معمولی تبدیلی بھی وقت اور برف کی مقدار پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
