نیویارک(ویب ڈیسک):نیویارک میں Pakistani American Law Enforcement Society، پی اے ایل ایس کی جانب سے ایک پروقار ریٹائرمنٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی، بنگلہ دیشی، بھارتی نژادسمیت مسلم امریکی سینئر افسران اور اہلکاروں کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔

تقریب کا مقصد ان افسران کی برسوں پر محیط پیشہ ورانہ خدمات، قیادت اور کمیونٹی کے لیے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں، کمیونٹی رہنماؤں، اہلِ خانہ اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب کے منتظمین روحیل خالد نے ریٹائر ہونے والے افسران کی دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور نیویارک شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔۔

انہوں نے کہا کہ ان افسران نے نہ صرف محکمہ پولیس میں بہترین کارکردگی دکھائی بلکہ پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کا مثبت تشخص بھی اجاگر کیا۔

تقریب کے دوران افسران کو اعزازی شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں، جبکہ شرکاء نے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


PALSکے نمائندوں کا کہنا تھا کہ یہ تقریب نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ محنت، لگن اور ایمانداری کے ذریعے ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
