واشنگٹن(ویب ڈیسک): ریپبلکن کنٹرولڈ امریکی ایوانِ نمائندگان نے آئندہ نومبر میں ہونے والے مڈ ٹرم انتخابات کے لیے ایک اہم بل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت اب ووٹرز کے لیے امریکی شہریت کا دستاویزی ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
ایوان میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران اس بل (SAVE America Act) کے حق میں 218 اور مخالفت میں 213 ووٹ آئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف ایک ڈیموکریٹ رکن نے ریپبلکنز کا ساتھ دیا۔ اس قانون کے تحت اب ووٹر رجسٹریشن کے وقت پاسپورٹ یا پیدائشی سرٹیفکیٹ دکھانا ضروری ہوگا، جبکہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالتے وقت فوٹو آئی ڈی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس بل کی بھرپور حمایت کی جا رہی ہے۔ ریپبلکنز کا موقف ہے کہ یہ قانون غیر قانونی تارکینِ وطن کو ووٹنگ سے روکنے اور انتخابی شفافیت کے لیے ناگزیر ہے۔ دوسری جانب، ڈیموکریٹس نے اسے ‘ووٹر سپریشن’ (ووٹ کے حق سے محروم کرنا) قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے لاکھوں غریب اور اقلیتی امریکیوں کے لیے ووٹ ڈالنا مشکل ہو جائے گا جن کے پاس فوری طور پر یہ دستاویزات دستیاب نہیں ہوتیں۔
ایوان سے منظوری کے بعد یہ بل اب سینیٹ میں جائے گا، جہاں اسے منظور کرانے کے لیے 60 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی مخالفت کی وجہ سے اس بل کا پاس ہونا مشکل نظر آتا ہے۔
