نیویارک (رپورٹ): اکنا ریلیف کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ بینکوئٹ پروگرام نے عوامی خدمت اور کمیونٹی کے مضبوط تعلق کی ایک نئی مثال قائم کر دی۔ شدید برفانی موسم اور منفی 28 ڈگری تک گرتے ہوئے درجۂ حرارت کے باوجود سینکڑوں افراد کی شرکت نے پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔
ابتدائی خدشات کے برعکس، تقریباً 350 سے زائد افراد اپنی فیملیز کے ہمراہ شریک ہوئے، جس کے باعث ہوٹل کی پارکنگ بھی ناکافی پڑ گئی۔

موسم کی سختی کے باوجود بزرگوں کی موجودگی اور نوجوانوں کا متحرک کردار قابلِ دید تھا۔

نیویارک کے مضافاتی علاقوں اور نیو جرسی سے خصوصی طور پر پہنچنے والے احباب نے ثابت کیا کہ انسانی ہمدردی کے کاموں کے لیے فاصلے اہمیت نہیں رکھتے۔

شرکاء کی دلچسپی کی بدولت پروگرام مقررہ وقت سے تجاوز کر کے رات 10 بجے تک جاری رہا۔”یہ پروگرام محض ایک تقریب نہیں تھی بلکہ تنظیم اور عوام کے درمیان اس مضبوط رشتے کا ثبوت تھا جو برسوں کی خدمت سے پروان چڑھا ہے۔ میں ان تمام دوستوں اور فیملیز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سخت موسم میں بھی ہماری حوصلہ افزائی کی۔”

اس پروگرام کا بنیادی مقصد تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانا اور مستحقین کی امداد کے لیے تعاون حاصل کرنا تھا۔ منتظمین نے ان تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شرکت کی، اور ان سے معذرت بھی کی جنہیں وقت کی کمی یا دیگر وجوہات کی بنا پر دعوت نہیں دی جا سکی تھی۔

