سوئٹزرلینڈ (ویب ڈیسک): دنیائے سکیئنگ کی مایہ ناز کھلاڑی لنڈسے وان اتوار کے روز اولمپک ڈاؤن ہل ریس کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور ایک خطرناک حادثے کا شکار ہو گئیں۔
41 سالہ امریکی سکیئر، جو پہلے ہی گھٹنے کی شدید تکلیف میں مبتلا تھیں، ریس کے آغاز میں ہی کنٹرول کھو بیٹھیں اور فضا میں قلابازیاں کھاتے ہوئے برف پر گر گئیں۔
حادثے کے فوری بعد طبی عملہ ان کی مدد کو پہنچا، جبکہ وان کی چیخیں میدان میں صاف سنی جا سکتی تھیں۔
انہیں اسٹریچر پر لٹا کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے طبی امداد کے لیے لے جایا گیا۔ اس حادثے کے باعث ریس کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔ اسٹینڈز میں موجود ان کے والد ایلن کلڈو اور معروف امریکی ریپر سنوپ ڈاگ (Snoop Dogg) سمیت مداحوں کی بڑی تعداد افسردہ دکھائی دی۔
لنڈسے وان تقریباً 6 سال کے طویل وقفے اور دائیں گھٹنے میں جزوی ٹائٹینیم کی تبدیلی کے بعد گزشتہ سال دوبارہ میدان میں اتری تھیں۔
وہ اس بار بھی گولڈ میڈل کے لیے فیورٹ سمجھی جا رہی تھیں، لیکن نو دن قبل سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے حادثے میں ان کا اے سی ایل (ACL) پھٹ گیا تھا اور مینسکس (Meniscus) کو نقصان پہنچا تھا۔ اس حالیہ حادثے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا شاندار کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ سکتا ہے۔
